
مرحوم عامر لیاقت کی تیسری سابقہ اہلیہ دانیا شاہ کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو کل سنایا جائے گا۔
کراچی کی سیشن عدالت نے مرحوم عامر لیاقت کی ویڈیو وائرل کرنے کے کیس میں عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیا شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
وکیل ایف آئی اے نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ دانیہ شاہ نے ایک ویڈیو میں ویڈیو بنانے کا اعتراف کیا ہے، ہمیں ملزمہ کا ریمانڈ نہیں دیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خاتون کا ریمانڈ صبح سے شام تک ہوتا ہے، وہ ہم نے دیا، دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو کل سنایا جائے گا۔
19 دسمبر کو مرحوم عامر لیاقت کی تیسری بیوی دانیا بی بی نے عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں درخواست ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ دانیا کے وکیل لیاقت علی گبول ایڈوکیٹ نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ عامر لیاقت کی بیوہ نے اپنے موبائل سے عامرلیاقت کی ویڈیو نہیں بنائی، اور ایف آئی اے نے بھی دانیا کے موبائل سے کوئی ویڈیو برآمد نہیں کی۔
لیاقت علی گبول ایڈوکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ دانیا عامر لیاقت کی بیوہ ہیں، جائیداد سے حصہ مانگنے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور ایف آئی اے نے بغیر تحقیقات دانیا کو لودھراں سے گرفتار کیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ دانیا پر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کا الزام ہے۔
عامر لیاقت کی بیٹی نے دانیہ شاہ کے خلاف ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کی شکایت درج کرائی تھی، جس پر ایف آئی اے کراچی کی نے پندرہ دسمبر کو دانیا شاہ کو لودھراں سے گرفتار کیا تھا۔



