
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کرکے بلوچستان کی کچلاک جیل منتقل کردیا۔
خیال رہے کہ اداروں اور ان کے سربراہان کے خلاف متنازع ٹوئٹس کے معاملے پر گرفتار ہونے والے سینیٹر اعظم سواتی کو گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا تھا۔
سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف بلوچستان اور سندھ میں مقدمات درج ہیں جب کہ راولپنڈی جلسے میں تقریر کے بعد اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر انہیں کوئٹہ پولیس نے گزشتہ شب حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان پولیس اعظم سواتی کو راتوں رات لے کر بلوچستان روانہ ہوگئی۔ انہیں کچلاک جیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔
متنازع ٹوئٹس کے معاملے پر سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مقدمات درج کیے گئے تھے اور انہیں 27 نومبر کو ایف آئی اے نے حراست میں لیا تھا۔



