
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کے تقرر سے متعلق صدر مملکت کی عمران خان سے ملاقات کا ہینڈ آؤٹ 7 بجے تک جاری کیا جائے گا۔
پاک فوج میں اہم عہدوں پر تعیناتی سے متعلق وفاقی حکومت کی جانب سے ارسال کردہ سمری پر مشاورت کے لیے صدر مملکت ڈاکٹرعارف نے علوی سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔
لاہور کے زمان پارک میں ہونے والی ملاقات کے بعد تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور صدر مملکت کی 45 منٹ طویل ملاقات ہوئی ہے جس میں نئے آرمی چیف کے تقرر سے متعلق آئینی اور قانونی امور پر مشاورت کی گئی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملاقات کے دوران سیاسی اور آئینی امور بھی زیر بحث آئے، اس دوران صدر مملکت اور عمران خان نے تمام پہلوؤں سے اس تقرر کے عمل کا احاطہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ آج وزیراعظم نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس سلسلے میں صدر پاکستان کو ارسال کردی گئی ہے۔
صدر مملکت آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کريں گے۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سمری آنے کے بعد میں اور صدر پاکستان آئین و قانون کے مطابق کام کریں گے۔



