پاکستان
پاک ۔ افغان چمن بارڈر مذاکرات کامیاب، آمد و رفت بحال ہوگئی

پاک ۔ افغان چمن بارڈر پر مذاکرات کامیاب ہوگئے اور بارڈر کو ایک ہفتہ بعد آمد و رفت کیلئے کھول دیا گیا۔
پاک ۔ افغان چمن بارڈر دوبارہ بحال کرنے کے لیے پاک افغان حکام کے درمیان اہم مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے نتیجے میں آج چمن بارڈر آمد و رفت اور تجارت کےلئے کھول دیا گیا ہے۔
اجلاس میں پاکستانی اور افغانستان کے حکام نے سرحد پر ناخوشگوار واقعات ختم کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان نے فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے مشترکہ تحقیقات پر زور دیا۔
جبکہ افغان طالبان کے حکام نے پاکستانی حکام کے ساتھ سرحدی امور کو خوش اسلوبی سے بڑھانے کے لیے تجاویز دیں۔
اجلاس میں افغان خواتین کو سرحد پار کرنے کے دوران درپیش مشکلات کے حوالے بھی بات چیت کی گئی۔
جس پر افغان طالبان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے خواتین کے لیے الگ راستہ بنایا جائے جہاں خواتین سیکیورٹی اہلکار کو بھی تعینات کیا جائے۔



