ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب ڈیجیٹل چالان ہوگا

لاہورمیں چیف ٹریفک افسر (سی ٹی او) ڈاکٹر اسد ملہی نے شہریوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کئی دہائی پرانے میئنول چالان کے بجائے ڈیجیٹل چالان سٹم کا افتتاح کردیا ہے۔
ڈاکٹر اسد ملہی کے مطابق ڈیجیٹل چالان سسٹم کو پہلے لاہور کی شاہراہ دی مال پر پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کیا گیا تھا ، اس کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد اسے شہر کے دیگر شاہراہوں میں نافذ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پرصوبائی دالراحکومت کی اہم شاہراہیں مال ون، مال ٹو اور مال تھری سے ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر اسد ملہی نے بتایا کہ ڈیجیٹل چالان سے جعلی اور بوگس چالان کی شکایات کا خاتمہ ہوگا اور شفافیت کے حصول کو یقینی بنائے گا۔
ان کاکہنا تھا کہ تمام ٹریفک اہلکاروں کے موبائل فون میں خصوصی طورپر بنائی گئی ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کردی گئی، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے چالان کا پیغام موصول ہوگا۔
ڈاکٹر اسد ملہی نے بتایا کہ ایپلی کیشن میں گاڑی نمبر یا شناختی کارڈ نمبر درج کرنے سے تمام معلومات آٹوفل ہوجائے گی۔



