چودھری شجاعت نے پرویز الٰہی کی حمایت نہ کرنے کی وجہ بتا دی


مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے بعد پہلا ردعمل جاری کر دیا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پرویز الہٰی میرا وزیرِ اعلیٰ کا امیدوار تھا، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا۔ لیکن وہ پی ٹی آئی کا امیدوار نہیں بن سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کے ساتھ 30 سال سے ایک تعلق رہا ہے، انہیں اداروں کی وجہ سے پاکستان میں استحکام ہے۔ کیسے اداروں پر تنقید کرنے والوں کی حمایت کر سکتا ہوں۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کے لیڈران اپنے ذاتی مفادات اور ذاتی سوچ کو بالائے طاق رکھیں تاکہ ملک مزید بحرانوں کا شکار نہ ہوں، سیاسی مخالفت کو ذاتی مخالفت بنا کر غلط معنی نکالنے کی کوشش نہ کریں جس کو بھی اقتدار میں آنے کا موقع ملے وہ سیاسی مخالفین کے پاس جائے، ملک کے بہتر مفاد کیلئے مل بیٹھ کر مشاورت سے آگے بڑھیں، ملک کو مسائل سے نکالنے کےلئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔



