روس یوکرین جنگ سے مرغیوں کی قلت کا شدید خطرہ


یوکرین پر روس کے ممکنہ حملے سے دنیا پر تیسری عالمی جنگ کا خطرہ منڈلا رہا ہے، لیکن برطانوی شہریوں کو اس صورت حال میں بھی مرغیوں کی فکر پڑ گئی ہے۔
ڈیلی اسٹار کے مطابق روس یوکرین جنگ سے برطانیہ میں مرغی کے گوشت کا سنگین ترین بحران پیدا ہو جائے گا کیونکہ یوکرین، برطانیہ کو چکن سپلائی کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔
اگر روس یوکرین پر حملہ آور ہوتا ہے اور جنگ چھڑتی ہے تو برطانیہ کو یوکرین سے چکن کی فراہمی رک جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق یوکرین برطانیہ صرف چکن ہی فراہم نہیں کرتا بلکہ 14 فیصد سے زائد بریک فاسٹ سیرئیلز بھی برطانیہ کو یوکرین ہی سے برآمد کیے جاتے ہیں۔
برطانیہ کے ایک سینئر حکومتی مشیر کا کہنا ہے کہ بریگزٹ کے بعد یوکرین کے ساتھ ہم نے تژویراتی شراکت داری اور تجارت کے تاریخی معاہدے کیے ہیں، اگر روس یوکرین پر حملہ کرتا ہے تو یوکرین اور برطانیہ کے تیزی سے بڑھتے تجارتی تعلقات شدید متاثر ہوں گے۔
واضح رہے کہ روس یوکرین کی سرحد پر ایک لاکھ سے زائد فوجی اور بھاری جنگی سازوسامان پہنچا چکا ہے۔ عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس آئندہ مہینوں میں کسی بھی وقت یوکرین پر بیک وقت کئی محاذوں سے حملہ کر سکتا ہے۔



