چیئرمین آباد کی قانونی تعمیرات ڈی سیل نہ کرنے پر کاروبار بند کرنے کی دھمکی

کراچی: چیئرمین آباد حنیف گوہر نے کہا ہے کہ پیر تک قانونی تعمیرات جو سیل ہوئی ہیں وہ ڈی سیل نہ کی گئیں تو کاروبار بند کر دیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی ایڈمنسٹریٹیو سوسائٹی میں ناخوش گوار واقعہ پیش آیا ہے، غیر قانونی تعمیرات پر آباد نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے۔
چیئرمین آباد کا کہنا ہے کہ حادثہ ہوا تو سارے ادارے فعال ہو گئے، لیاری و گلبہار میں بھی واقعات ہوئے، جن سے آباد کے ممبران کا تعلق نہیں۔
حنیف گوہر نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے تمام زیرِ تعمیر بلڈنگز کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، ہم اتنی عرصے سے آواز اٹھا رہے ہیں تو توجہ نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ قانونی طور پر کام کر رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی، وزیرِ اعلیٰ نے 123 بلڈنگز کو سیل کرنے کی بات کی، جس پر مختیار کاروں اور بلڈنگ افسران نے کسی کو سنے بغیر عمارتیں سیل کرنا شروع کر دیں۔
چیئرمین آباد نے کہا ہے کہ ڈپارٹمنٹ کو پتہ ہونا چاہیے کہ کون سی بلڈنگ قانونی تقاضے پورے کر کے بنائی جا رہی ہے، وزیرِ اعظم کی اپنا گھر اسکیم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، میں وزیرِ اعظم سے کہتا ہوں کہ آفیشل بلڈنگز کو سیل کیا گیا تو آپ کا خواب کیسے پورا ہو گا؟ سسٹم کے لوگوں کے خلاف ایکشن لیں۔
انہوں نے کہا کہ 3 دن میں ہماری بلڈنگز ڈی سیل نہ ہوئیں تو روڈ پر آئیں گے، سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ ظالمانہ اقدام کیا ہے۔
حنیف گوہر نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارروائی سے لوگ دل برداشتہ ہوں گے، لوگوں کو بے عزت کر کے دفتروں سے نکالا گیا، جو غلط ہیں ان کے خلاف ضرور ایکشن کریں، لیکن جو قانونی کام کر رہے ہیں ان کے خلاف ایکشن نہ لیا جائے۔
چیئرمین آباد نے یہ بھی کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ سندھ نے جلد بازی میں قدم اٹھایا، اگر آباد کو سن لیا جاتا تو یہ نوبت نہیں آتی۔



