تازہ ترین

کوہاٹ: غیرقانونی گولڈ مائننگ کیخلاف آپریشن کیلئے گئی پولیس ٹیم پر فائرنگ، ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید، 18 خوارج ہلاک

کوہاٹ کے علاقے گھمبٹ میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کے لیے جانے والی پولیس نفری پر دہشت گردوں نے بڑا حملہ کردیا، نتیجے میں ڈی ایس پی گھمبٹ حیدر زمان اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر مختیار سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں 18 خوارج بھی مارے گئے۔ْ

سونے کی غیرقانونی مائننگ کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس ٹیم روانہ ہوئی تو پہاڑوں میں پہلے سے موجود دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، اہلکاروں نے جوابی فائرنگ بھی کی اور گاڑیوں کی آڑ لے کر جانیں بچائیں، دہشت گردوں نے کئی موبائل بھی جلادیں۔

پولیس کے مطابق حملے میں ڈی ایس پی گھمبٹ حیدر زمان، اے ایس آئی مختیار، پولیس اہلکار یاسر، ڈرائیور مدثر، عدنان، شہراز، حلیم، شمس اور ابراہیم سمیت دیگر اہلکار شہید ہوئے۔

واقعے میں ایس ایچ او گھمبٹ، کانسٹیبل عابد، وحید، محمد حسن، ذیشان اور اسد سمیت ڈی ایس پی کے دو گنر حبیب اور فاہد بھی زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

امدادی ادارے 1122 کے مطابق گیارہ پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوئے جب کہ کے پی پولیس نے کہا ہے کہ دس اہلکار شہید ہوئے اور پولیس کی جوابی کارروائی سے 18 خوارج مارے گئے۔

اطلاعات کے مطابق ڈی ایس پی گھمبٹ اور شادی خیل پولیس چوکی کی موبائل گاڑیوں میں سوار 13 پولیس اہلکار بحفاظت واپس پہنچ گئے۔

حملے کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے پہاڑیوں سے فائرنگ کی جس سے امدادی کارروائیوں میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ریسکیو کوہاٹ کے مطابق تین گھنٹے کے بعد امدادی آپریشن مکمل کر دیا گیا تمام زخمی اور شہداء کے جسد خاکی اسپتال منتقل کر دیئے گئے۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے سیکیورٹی فورسز اور پولیس سی ٹی ڈی نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس واقعے کے بعد ہسپتال میں ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا تھا، ڈاکٹرز کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، تاہم ڈاکٹرز کے مطابق زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی حالت تسلی بخش ہے۔

خیبرپختونخوا پولیس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آج خیبر پختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ کی جانب سے کوہاٹ کے قریب درابو کچ میں غیر قانونی طور پر سونے کی مائننگ کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیا گیا، آپریشن مکمل کرنے کے بعد جب پولیس پارٹی واپس آ رہی تھی تو جرائم پیشہ عناصر کے ایماء پر فتنہ الخوارج نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔

کے پی پولیس کے مطابق پولیس کے جوانوں نے حملہ آوروں کا انتہائی بہادری اور جواں مردی سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 18 خوارج جہنم واصل ہوئے، اس دوران بہادری سے لڑتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس کے 10 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

کے پی پولیس نے کہا ہے کہ بیرونی قوتوں کے ایما پر جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا باہمی گٹھ جوڑ اور پولیس پارٹی پر مشترکہ حملہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج آپس میں منظم روابط رکھتے ہیں، یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ فتنہ الخوارج کا دینِ اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے جرائم پیشہ مافیاز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

کے پی پولیس کے مطابق بیرونی پشت پناہی سے کام کرنے والے جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کے خلاف ہر ممکن کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خوارج کے سہولت کاروں اور جرائم پیشہ مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی، آج شہید ہونے والے پولیس کے شہداء کا تعلق خیبر پختونخوا، بالخصوص ضلع کوہاٹ سے تھا۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق 10 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی لازوال قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اہلکاروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس پر فائرنگ کی مذمت کی ہے اور شہادتوں پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

گورنر نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائی انتہائی قابل مذمت ہے، پولیس ٹیم پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔

شہید ڈی ایس پی نے 1987ء میں بحیثیت سپاہی پولیس میں شمولیت اختیار کی

کوہاٹ میں شہید دیرلوئر تالاش سے تعلق رکھنے والے ڈی ایس پی حیدر زمان کے پسماندگان میں ان کی ضعیف العمر والدہ، بیوہ، چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔ تین بیٹیوں کی شادی ہو چکی ہے، ایک بیٹا سعودی عرب میں مزدوری کر رہا ہے جبکہ دوسرا بیٹا پڑھ رہا ہے۔

حیدر زمان شہید نے 1987ء میں بحیثیت سپاہی محکمہ پولیس میں شمولیت اختیار کی اور محنت کرتے ہوئے 2009ء میں سب انسپکٹر بنے، وہ لوئر دیر کے کئی پولیس تھانوں اسبنڑ، ثمرباغ وغیرہ میں ایس ایچ او تعینات رہے، جبکہ دیر، ایبٹ آباد اور ہری پور میں پولیس ایلیٹ فورس کے کمانڈر بھی رہے۔

بعد ازاں وہ خصوصی کورس کی تکمیل کے بعد کوہاٹ ہی میں ڈی ایس پی درہ آدم خیل اور کوہاٹ سٹی ڈی ایس پی تعینات ہوئے۔

وہ گذشتہ روز کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کی کمان کر رہے تھے کہ پہلے سے تیار دہشت گردوں نے ان کے قافلے کو چاروں طرف سے گھیر کر حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق تمام شہداء کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا۔ شہداء کی نماز جنازہ کوہاٹ کے ایس ٹی سی گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

خیبرپختونخوا پولیس نے واقعے کو جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج کے باہمی روابط کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی قوتوں کی پشت پناہی میں کام کرنے والے عناصر نے مشترکہ طور پر پولیس کو نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ اپنے مذموم مقاصد کے لیے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے ساتھ مل کر سرگرم ہے اور اس کا دین اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔

پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر، ان کے سہولت کاروں اور جرائم پیشہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں نے فرض شناسی اور بہادری کی مثال قائم کی، وطن کے امن کے لیے جانیں دینے والے اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں۔

وزیراعظم نے ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

شہباز شریف نے کارروائی کے دوران 18 خوارج کی ہلاکت کو پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظہر قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ملک میں بدامنی پھیلانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button