تازہ ترین

چینی جاسوس خاتون و سربراہ اینویڈیا سے متعلق مارکو روبیو تک پہنچنے والی خفیہ رپورٹ کی کہانی سامنے آ گئی

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے 2025ء میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے لیے ایک خفیہ یادداشت تیار کروائی تھی جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے ایک ایسی چینی خاتون سے قریبی تعلقات ہیں جس پر چین کی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرنے کا شبہ ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ یادداشت چینی شہری ایلس ہوانگ کی الیکٹرانک نگرانی سے حاصل ہونے والی خفیہ معلومات کی بنیاد پر تیار کی گئی تھی۔

ایلس ہوانگ سنگاپور میں قائم کمپنی میگا اسپیڈ کی اعلیٰ عہدیدار ہیں۔

امریکی انٹیلی جنس حکام کا دعویٰ ہے کہ انہیں چین کی وزارتِ ریاستی سلامتی نے جینسن ہوانگ کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے لیے بھرتی کیا تھا، دونوں کے درمیان کوئی خاندانی تعلق نہیں ہے۔

امریکی حکام کو خدشہ تھا کہ یہ تعلقات مصنوعی ذہانت کی عالمی صنعت کی اہم شخصیات میں سے ایک کو نشانہ بنانے کے لیے چینی خفیہ آپریشن کا حصہ ہو سکتے ہیں۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ چین کو جدید مصنوعی ذہانت کے چِپس کی برآمد پر سخت پابندیوں کے مخالف رہے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ امریکی کمپنیوں کو چینی منڈی میں کاروبار کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

یہ خفیہ یادداشت صدر ٹرمپ کے مئی میں چین کے دورے سے قبل اعلیٰ سیکیورٹی کلیئرنس رکھنے والے حکام میں تقسیم کی گئی تھی۔

دنیا کی قیمتی ترین کمپنیوں میں شامل اینویڈیا کے سربراہ ہونے کے باوجود جینسن ہوانگ کو ابتداء میں صدر ٹرمپ کے ہمراہ چین جانے والے کاروباری اور ٹیکنالوجی رہنماؤں کے وفد میں شامل نہیں کیا گیا تھا تاہم اس فیصلے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔

بعد ازاں میڈیا میں ان کی عدم شمولیت کی خبریں سامنے آنے پر ٹرمپ نے جینسن ہوانگ کو وفد میں شامل ہونے کی دعوت دی، جینسن ہوانگ الاسکا میں ایک قیام کے دوران صدارتی طیارے میں سوار ہو کر چین روانہ ہوئے۔

نیویارک ٹائمز اس سے قبل بھی رپورٹ کر چکا ہے کہ ٹرمپ کو تقریباً 1 سال پہلے ایلس ہوانگ کی امریکی نگرانی اور چین کی خفیہ ایجنسی سے جینسن کے مبینہ روابط کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی، جب حکام نے ایلس کی گفتگو میں شامل امریکی شہری کی شناخت معلوم کی تو وہ جینسن ہوانگ نکلے۔

اتوار کو ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں جینسن ہوانگ کو چین جانے کی اجازت دینے کے فیصلے پر افسوس ہے؟ انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہوانگ ایک باعزت شخص ہیں اور انہیں اینویڈیا کے سربراہ کے عہدے پر برقرار رہنا چاہیے۔

دوسری جانب جینسن ہوانگ نے ایلس ہوانگ کے ساتھ قریبی تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی اہلیہ اور بچوں سے معافی مانگی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کی، میرے عمل سے خاندان کو تکلیف پہنچی اور اس کا کوئی جواز نہیں۔

دوسری جانب اینویڈیا نے معاملے کی تحقیقات شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے پاس فی الحال یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ کمپنی کے راز یا قومی سلامتی سے متعلق معلومات افشا ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایلس ہوانگ کی کمپنی میگا اسپیڈ نے 2024ء میں اینویڈیا کے جدید مصنوعی ذہانت کے چِپس کی اربوں ڈالرز مالیت کی خریداری شروع کی تھی، اسی عرصے میں ایلس اور جینسن ہوانگ کو تائی پے میں ایک تقریب کے دوران ایک ساتھ بھی دیکھا گیا تھا۔

میگا اسپیڈ نے این ویڈیا کی مصنوعات تقریباً 2 ارب ڈالرز میں خریدی تھیں، یہ کمپنی جنوب مشرقی ایشیاء میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرتی ہے، امریکی حکام کو شبہ ہے کہ اس انتظام کے ذریعے پابندیوں کی زد میں آنے والی اینویڈیا کی چِپس بالواسطہ طور پر چین پہنچائی گئیں۔

ایلس ہوانگ کے مصنوعی ذہانت کی چِپس کی صنعت سے وابستہ دیگر اہم شخصیات، بشمول اینویڈیا کے سپر کمپیوٹرز تیار کرنے والی بڑی کمپنی گیگا بائٹ کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی روابط تھے۔

ادھر واشنگٹن میں چین کے سفارت خانے نے انٹیلی جنس رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان معلومات کو چین کے خلاف بدنامی کی مہم قرار دیا ہے جبکہ ایلس ہوانگ نے اس معاملے پر تاحال کوئی ردِعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button