گوگل نے پاکستان میں پہلا دفتر کھول لیا، ملک کو اس سے کیا فائدہ پہنچے گا؟

اسلام آباد: عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں باضابطہ طور پر اپنا پہلا مقامی دفتر اسلام آباد میں قائم کر دیا جسے ملک کی ڈیجیٹل معیشت، آئی ٹی سیکٹر اور نوجوانوں کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ اور امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے دفتر کی تختی کی نقاب کشائی کی۔
گوگل کی پاکستان میں براہ راست موجودگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے وژن کے تحت آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کی سالانہ برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف رکھتی ہے۔
کمپنی اب نوجوانوں کو اے آئی اور ڈیجیٹل اسکلز کی تربیت دینے کے ساتھ پاکستان میں 5 لاکھ کروم بکس کی مقامی اسمبلنگ کا بھی منصوبہ رکھتی ہے جنہیں مستقبل میں دیگر ممالک کو برآمد کیا جا سکتا ہے۔
یہ اقدامات پاکستان کے 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔



