
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور اس کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے اسلام آباد میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے نئے مرکزی دفتر کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پہلی مرتبہ سمیڈا کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں قائم اور فعال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ادارے کو نئے اہداف اور ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ چھوٹے، درمیانے اور گھریلو کاروباروں کو مزید مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جس کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت ملک بھر کے کاروباری افراد کو ایک ہی چھت تلے بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے سمیڈا کو مزید مضبوط بنا رہی ہے کیونکہ مضبوط ایس ایم ایز ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔



