اوورسیز پاکستانیوں سے جون میں 3.5 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول، سالانہ بنیاد پر 2فیصد اضافہ

کراچی: جون 2026 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3.5 ارب امریکی ڈالر وطن بھیجے، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جون 2026 میں ترسیلات زر 3.5 ارب ڈالر رہیں، نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر میں سال بسال 2.0 فیصد اضافہ اور ماہ بہ ماہ 18.3 فیصد کمی ہوئی۔
جون 2026ء میں موصول ہونے والی ترسیلات زر کا بیشتر حصہ سعودی عرب (829.6 ملین ڈالر) سے آیا جس کے بعد متحدہ عرب امارات (792.2 ملین ڈالر)، برطانیہ (514.9 ملین ڈالر) اور امریکا (296.8 ملین ڈالر) سے رقوم موصول ہوئیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مالی سال 2025-26 میں گزشتہ برس (2024-25) کے مقابلے زیادہ ترسیلات زر بھیجنے پر سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی بہبود کے لیے اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔



