دوحہ میں امریکا اور ایران کے درمیان خفیہ نوعیت کے تکنیکی مذاکرات جاری

دوحہ: قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے ماہرین مختلف اہم معاملات پر بات چیت کر رہے ہیں تاہم اس مرحلے پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان براہِ راست ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو آگے بڑھانا اور مختلف تکنیکی معاملات پر پیش رفت حاصل کرنا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دوحہ میں کم از کم تین الگ الگ ورکنگ گروپس قائم کیے گئے ہیں، جو مختلف شعبوں پر تفصیلی بات چیت کر رہے ہیں۔
پہلا ورکنگ گروپ ایران کے جوہری پروگرام اور اس سے متعلق تکنیکی امور کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ دوسرا گروپ سفارتی معاملات، رابطوں اور آئندہ مذاکراتی فریم ورک پر غور کر رہا ہے۔
تیسرا ورکنگ گروپ ایران کے بیرون ملک منجمد مالی اثاثوں، فنڈز کی واپسی اور ممکنہ مالیاتی انتظامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کر رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ اگر تکنیکی مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوتی ہے تو مستقبل میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔



