نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مراد علی شاہ نے گوگل کیریئر سرٹیفکیشن پروگرام 2026 کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی ) تعلیم، تحقیق اور گورننس کے شعبوں میں نئے امکانات پیدا کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گوگل جیمنی کارنر طلبہ کو عالمی معیار کی مصنوعی ذہانت کی مہارتیں سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا، حکومت سندھ جامعات میں تحقیق، جدت اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ جدید ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کی تعلیم کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور صنعت کے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور انہیں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں مدد ملے گی۔



