وفاقی کابینہ: سانحہ 9مئی ملزمان کیخلاف کارروائی کی منظوری

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے 16 مئی کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی اور راولپنڈی میں انشورنس ٹریبونل قائم کرنے کی منظوری دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں کابینہ ارکان کو دورہ ایران پر بریفنگ دی گئی ۔ وفاقی کابینہ کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے ا ن کو پاک۔ایران سرحد کے دورے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو فوری طور پر عوام تک پہنچایا جائے، وزارتِ داخلہ اور ضلعی انتظامیہ دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سختی سے ایکشن لیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایران سے کم لاگت بجلی کی درآمد سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں ترقی و خوشحالی آئیگی،”روڈ ٹو مکہ“ منصوبے سے پاکستانی عازمین کو حج کی بہترین سہولیات میسر ہونگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر کی ذاتی دلچسپی اور وزیراعظم کی ذاتی نگرانی میں ایران سے100 میگا واٹ سستی بجلی کی درآمد کا منصوبہ قلیل مدت میں مکمل ہوا جوکہ عرصہ دراز سے التواءکا شکار تھا، اس منصوبے سے جنوبی بلوچستان خصوصاً گوادر میں بجلی کی ترسیل یقینی بنائی گئی ہے۔



