روس نے اپنا ہی طیارہ مار گرایا

برطانیہ کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ سر جیرمی فلیمنگ نے دورہ آسٹریلیا کے دوران بتایا کہ یوکرین میں روسی فوج نے غلطی سے اپنا ہی طیارہ مار گرایا ہے۔
بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یوکرین میں لڑنے والے روسی فوجیوں کے حوصلے پست ہیں اور وہ احکامات پرعمل نہیں کر رہے۔
برطانوی انٹلیجنس چیف نے کہا کہ یہ واضح ہوچکا ہے کہ روس نے یوکرینی عوام کی مزاحمت کو غلط سمجھا، روس کو اندازہ نہیں تھا کہ اسے کس حد تک جوابی وار کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے روسی فوجیوں کو دیکھا ہے، ان کے پاس ہتھیاروں اور حوصلوں کی کمی ہے، وہ حکم پر عمل کرنے سے انکار کر رہے ہیں، انہوں نے اپنے ہی آلات کو سبوتاژ کرتے ہوئے غلطی سے اپنے ہی طیارے کو مار گرایا ہے۔
خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پیوٹن کا اندرونی حلقہ روسی رہنما سے سچ بولنے سے ڈرتا ہے، حالانکہ ان غلط فہمیوں کی حد حکومت کے لیے واضح ہونی چاہیے۔
فلیمنگ نے مزید کہا کہ روسی کمانڈ اور کنٹرول کا ڈھانچہ افراتفری کا شکار ہے، جب کہ یوکرین پر حملہ پیوٹن کی “ذاتی جنگ” کا حصہ ہے۔



