انٹر نیشنل

پوری دنیا میں واحد شخص جو روسی صدر کو یوکرین پر حملہ روکنے پر آمادہ کرسکتا ہے

برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کے سابق سربراہ سر الیکس ینگر نے بی بی سی ریڈیو 4 کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت اگر پوری دنیا میں کوئی ایک شخص صدر ولادی میر پیوٹن پر اثرانداز ہو سکتا ہے اور انہیں یوکرین پر حملہ روکنے پر آمادہ کر سکتا ہے تو وہ چینی صدر شی جن پنگ ہیں۔ ان کے علاوہ دنیا کا کوئی اور شخص صدر پیوٹن کو جنگ بند کرنے پر رضامند نہیں کر سکتا۔

سر الیکس کا کہنا تھا کہ ”صدر پیوٹن کا کوئی ’ریورس گیئر‘ نہیں ہے۔ وہ جوا کھیل چکے ہیں اور اب اس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ چینی حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ یوکرین میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کے نقصانات چین کو بھی برداشت کرنے پڑیں گے۔ اگر چین، یوکرین میں ہونے والی ’قاتلانہ سرگرمیوں‘ کے ساتھ کسی بھی انداز سے خود کو منسلک کرتا ہے تو اسے معاشی مشکلات سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کو چاہیے کہ وہ صدر پیوٹن کو اس جنگ کے خاتمے پر قائل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

میل آن لائن کے مطابق چین کی طرف سے اب تک یوکرین پر روسی حملے کی مذمت بھی نہیں کی گئی اور اس نے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ میں روس کے خلاف قرار داد پر ہونے والی رائے شماری میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔ مغربی میڈیا کے مطابق چین یوکرین پر حملے کی مخالفت کرنے کی بجائے یورپی و مغربی ممالک کی طرف سے روس پر عائد کی جانے والی پابندیوں کی دبے الفاظ میں مخالفت کر رہا ہے اور روس کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کو محفوظ رکھنے کے لیے سفارتی جدوجہد بھی کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button