رمضان میں منہ کی بدبو سے کیسے چھٹکارا حاصل کیا جائے؟

رمضان کے دوران روزہ دار منہ کی بُو سے کافی پریشان رہتے ہیں، اس کی کئی وجوہات ہیں۔ یہ بھی دیکھنے میں آتا ہے کہ رمضان میں جن کے منہ سے بو آتی ہے انہیں دوسروں سے بات چیت کرتے ہوئے بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس مسئلے سے نجات دلانے کے لیے ہم آپکو کچھ مفید مشورے بتائیں گے۔
خوراک میں بعض مصالہ جات میں پیاز اور لہسن شامل ہوتے ہیں جو بعض اوقات بو پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں جبکہ مچھلی، پنیر اور ایسے کھانے جن میں فاسفورس کی مقدار زیادہ ہو، کے علاوہ دانتوں میں خوراک اور قہوے کے اثرات رہ جانا بھی بو پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔.
وہ افراد جو دانتوں کی صفائی پابندی سے نہیں کرتے خوراک کے ذرات دانتوں کے درمیان خلا میں رہ جاتے ہیں، جس سے پلاک پیدا ہوتا ہے اور منہ سے بو آنے لگتی ہے۔
منہ جب خشک ہوتا ہے تو اس سے بو آنے لگتی ہے۔ لعاب دہن ایک ایسا قدرتی جراثیم کش مواد ہوتا ہے جو خودکار طریقے سے مسلسل منہ کو تر رکھتا ہے اور اسے خشک نہیں ہونے دیتا اور جب منہ خشک ہو جاتا ہے تو اس سے بو آنے لگتی ہے۔.
جب انسان سو کر اٹھتا ہے تو اس کے منہ سے بو آنا قدرتی امر ہے کیونکہ سوتے ہوئے لعاب پیدا کرنے والے گلینڈز کام نہیں کرتے، جن سے قدرتی جراثیم کشی کا عمل رک جاتا ہے جس کے ذریعے منہ میں پیدا ہونے والے بیکٹیریا کے خاتمے کا عمل بھی موقوف ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے منہ سے بو آنا شروع ہو جاتی ہے۔.
منہ کی بو سے نجات پانے کے لیے ان طریقوں پر عمل کیا جا سکتا ہے۔
پانی کا استعمال
ماہرین کا کہنا ہے کہ سحری اور افطار میں پانی کثرت سے استعمال کیا جائے۔ کم از کم دو سے تین لیٹر پانی استعمال کیا جائے جبکہ سافٹ ڈرنک سے جہاں تک ہو سکے اجتناب برتیں، کیونکہ سافٹ ڈرنکس میں شوگر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو پیاس کا سبب بنتی ہے۔
میٹھا کم کھائیں
چینی اور اس سے بنی ہوئی اشیا بیکٹیریا کے لیے مثالی خوراک ہوتی ہیں جن سے زہریلے مواد جمع ہو جاتے ہیں جو بعدازاں منہ سے بو کے اخراج کا باعث بنتے ہیں۔
تمباکو نوشی، سگریٹ نوشی یا تمباکو کا استعمال بھی ترک کردیں .کافین کی مصنوعات بھی مضر ثابت ہوتی ہیں جن سے وہ گلینڈز متاثر ہوتے ہیں جو لعاب پیدا کرتے ہیں۔
کھانے کی تقسیم
کوشش کریں کہ ایک ہی وقت میں پیٹ بھر کر کھانا نہ کھائیں، بلکہ معدے کو کچھ وقت کے لیے خالی بھی رکھیں، تاکہ وہ اپنا کام مناسب انداز میں کرے اگر پیٹ بھر کر کھانا کھائیں گے تو معدے میں گیس بننے لگے گی جس سے پیٹ کا ابھار بھی بڑھ جائے گا اور منہ کی بو میں مزید اضافہ ہوگا اس لیے کوشش کریں کہ کھانا تھوڑا سا لیں اور وقفے سے لیں۔



