گڑ کے ایسے فوائد جن سے آپ ناواقف تھے

گڑ کے طبی فوائد
گڑ سے مندرجہ ذیل طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
موٹاپے سے نجات
طبی ماہرین کے مطابق ہر روز چینی استعمال کرنےسے جسم کو ایسی نقصان دہ اور ضدی کیلوریز حاصل ہوتی ہیں جو موٹاپے کا باعث بنتی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ذیابیطس جیسے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس کے برعکس گڑ کے باقاعدہ استعمال سے جسم کو وہ کیلوریز حاصل نہیں ہوتیں جو موٹاپے کا باعث بنتی ہیں۔
جو لوگ اپنے پیٹ پر جمع ہوئی چربی میں کمی لانا چاہتے ہیں یا مجموعی طور پر موٹاپے سے چھٹکارا پانا چاہتے ہیں، اور وہ میٹھے کا استعمال بھی ترک نہیں کرنا چاہتے تو انہیں چاہیئے کہ چینی کی جگہ گڑ استعمال کریں
ہاضمے کے نظام میں بہتری
گڑ ہاضمے کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے ہاضمہ کے مختلف مسائل جیسا کہ گیس، ایسیڈیٹی، اور بدہضمی سے نجات ملتی ہے۔ کھانے کے فوراً بعد تھوڑی سی مقدار میں گڑ استعمال کرنے سے یہ مسائل ختم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
گڑ قبض کو ختم کرنے کے لیے بھی نہایت مفید تصور کیا جاتا ہے۔ جن لوگوں کو اکثر اوقات قبض کا سامنا رہتا ہے، انہیں گڑ باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنا چاہیئے۔ خالص دیسی گھی کے ساتھ گڑ استعمال کرنے سے ہمارا ہاضمے کا نظام بہتر طریقے سے کام کرنا شروع کرتا ہے جس کی وجہ سے قبض کا خاتمہ ہوتا ہے
ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ
گڑ میں کیلشیم وافر مقدار میں پائی جاتی ہے جو ہڈیوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر جسم کو ہر روز مطلوبہ مقدار میں کیلشیم نہ ملے تو ہڈیوں کے مختلف مسائل جیسا کہ ہڈیوں کا بھربھرا پن لاحق ہو سکتا ہے۔ ہڈیاں اگر مضبوط ہوں گی تو مجموعی صحت پر بھی مفید اثرات ظاہر ہوں گے، کیوں کہ ہڈیاں جسم کی ساخت کی مضبوطی کو برقرار رکھتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گڑ ہڈیوں کی سوزش کو کم کرتا ہے اور درد میں بھی کمی لاتا ہے۔ ہر روز پانچ ملی گرام گڑ استعمال کرنے سے نہ صرف ہڈیوں کی سوزش میں کمی آئے گی بلکہ جوڑوں کے درد سے بھی نجات ملے گی۔ اس کے علاوہ کھجور میں بھی کیلشیم کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو صحت کے لیے نہایت مفید ہے
کھانسی سے نجات
گڑ کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے پرانی اور موسمی کھانسی کی علامات میں کمی آتی ہے۔ کھانسی کی علامات سے چھٹکارا پانے کے لیے دس گرام سرسوں کے تیل میں دس گرام گڑ شامل کر کے کچھ دنوں تک صبح شام استعمال کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر کسی کے ملیریا بخار کی علامات میں کمی نہ آ رہی ہو تو کالا زیرہ اور گڑ کے سفوف کے استعمال سے افاقہ ہو گا



