دلچسپ و عجیب
2 سالہ بچی نے سانپ کو دانتوں سے کاٹ کر ماردیا

ترکی میں اس وقت حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جب ایک دو سالہ بچی نے بنا کسی ڈر کے سانپ کو دانتوں سے کاٹ کر مارڈالا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 10 اگست کو ترکی کے شہر بنگول کے قریب کنتار گاؤں میں پیش آیا۔ کمسن بچی اپنے گھر کے باہر صحن میں کھیل رہی تھی کہ اس دوران بچی نے چیخ ماری جسے سن کر پڑوسی بھاگتے آئے۔
رپورٹ کے مطابق پڑوسی جب بچی کے پاس پہنچے تو انہوں نے بچی کے ہاتھ میں سانپ دیکھا جس پر دانتوں سے کاٹنے کے نشانات بھی موجود تھے جب کہ سانپ نے بچی کے ہونٹ پر کاٹا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سانپ بچی کے کاٹنے سے موقع پر ہی مر گیا جب کہ بچی کو فوری طور پر بنگول میٹرنٹی اینڈ چلڈرن اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے 24 گھنٹے تک نگرانی میں رکھا گیا اور بعد ازاں گھر بھیج دیا گیا۔



