لڑکی کا شوہر 10 ماہ بعد عورت نکلا، دلچسپ انکشاف


ایک لڑکی کو شادی کے 10 ماہ بعد اپنے شوہر کے بارے میں پتا چلا کہ وہ مرد نہیں بلکہ عورت ہے۔
انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ لڑکی نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ شادی کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ ہنسی خوشی رہ رہی تھی، تاہم 10 ماہ بعد انکشاف ہوا کہ اس کا شوہر کوئی مرد نہیں بلکہ ایک عورت ہے۔
لڑکی نے دعویٰ کیا کہ وہ دھوکے باز خاتون ازدواجی تعلق کے لیے جنسی مشینوں کا استعمال کرتی رہی تھی جس کی وجہ سے لڑکی کو اس کی حقیقت کا علم نہ ہو سکا۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیا کے ضلع جامبی میں پیش آیا ہے۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ اس فراڈ عورت کے ساتھ اس کی ملاقات مئی 2021ء میں ایک ڈیٹنگ ایپلی کیشن پر ہوئی تھی۔
فراڈ خاتون نے لڑکی کو بتایا تھا کہ وہ ماہر سرجن ہے اور امریکہ سے ڈاکٹری کی تعلیم حاصل کرکے ’آیا‘ ہے۔
اس کے علاوہ اس نے بتایا کہ اس کا کوئلے کا کاروبار بھی ہے۔
اس نے لڑکی کو بتایا کہ اس نے حال ہی میں اسلام قبول کیا ہے اور اب اسے مسلم بیوی کی تلاش ہے۔ پہلی ملاقات کے تین ماہ بعد دونوں نے نکاح کر لیا۔
شادی کے بعد فراڈ عورت اس لڑکی اور اس کے والدین کے ساتھ ان کے گھر میں رہائش پذیر ہوگئی اور حیلے بہانے سے ان سے رقم ہتھیانے لگی۔
ان 10 مہینوں میں اس عورت نے لڑکی اور اس کے گھر والوں سے 30 کروڑ انڈونیشیائی روپیہ (تقریباً 42 لاکھ 55 ہزار پاکستانی روپے) ہتھیائے۔
لڑکی اور اس کے گھر والوں کے رپورٹ کرنے پر پولیس نے اس فراڈ خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔ دوران تفتیش خاتون اپنے جرم کا اعتراف کر چکی ہے اور اس جرم پر اسے ممکنہ طور پر 10 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔



