تازہ رسیلے آم گھر بیٹھے منگوانے کیلئے سرکاری ویب سائٹ متعارف


بھارتی ریاست کرناٹکا کی حکومت نے آم کی آن لائن فروخت کے لیے اقدامات کچھ کیے ہیں جس کے بعد شہری گھر بیٹھے کاشت کار سے براہ راست آم حاصل کر سکیں گے۔
کرناٹکا کی مینگو ڈیولپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کارپوریشن لمیٹڈ نے ’انڈیا پوسٹ‘ سے معاہدہ کیا ہے جو آرڈر دینے والے صارفین کو آم پہنچانے کا کام انجام دے گا۔
ریاستی حکومت نے رواں ہفتے سے اس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے ایک ویب سائٹ بھی بنائی گئی ہے۔
کرناٹکا کی حکومت اور انڈیا پوسٹ نے اس حوالے سے ’کرسیری مینگوز‘ کے نام سے جو ویب سائٹ بنائی ہے اس میں متعدد اقسام کے آم خریدنے کے آپشن موجود ہیں۔
ویب سائٹ میں یہ آپشن دیے گئے ہیں کہ صارفین کسی مخصوص علاقے کے آم بھی اپنی پسند کے مطابق خرید سکتے ہیں البتہ انہیں کم از کم تین کلو آم منگوانے ہوں گے۔
سرکاری ویب سائٹ پر 25 مختلف اقسام کے آم صارفین کو فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔ ان میں الفانسو، بینگن پھلی، نیلم، امراپالی، دسہری، کیسر، طوطاپری، مالگوا، مالیکا، راس پوری اور سندھورا سمیت دیگر شامل ہیں۔
حکام کی کوشش ہے کہ آم کے بعد اس ویب سائٹ پر تازہ انار، امرود، ناشپاتی اور انجیر بھی فروخت کے لیے پیش کیے جائیں جس سے صارفین کو اس کی خریداری میں آسانی ہو گی جب کہ کاشت کار بھی مناسب منافع حاصل کر سکیں گے۔



