ایک لفظ جس نے جنسی جرائم کے سیکڑوں مجرموں کو سزا سے بچا لیا


برطانیہ میں جنسی جرائم میں ملوث سینکڑوں مجرموں کے بارے میں ایک ایسا حیران کن انکشاف ہوا ہے کہ سن کر کانوں پر یقین ہی نہ آئے۔
اعدادوشمار سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران جنسی جرائم کے 870 مجرم صرف ’سوری‘ کہنے پر سزا سے بچ گئے اور ان کا نام بھی جنسی جرائم کے مرتکب افراد کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ان میں کئی سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث مجرم بھی شامل ہیں۔
مثال کے طور پر ان میں 5 مجرم ایسے تھے جنہوں نے بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ یہ کیسز’ کمیونٹی ریزولوشن‘ کے ذریعے نمٹائے گئے تھے جہاں ان مجرموں نے اپنے کیے پر ’سوری‘ کہہ دیا اور انہیں بغیر سزا کے چھوڑ دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کمیونٹی ریزولوشن کے ذریعے دکان سے چوری جیسے اتنہائی چھوٹے کیسز نمٹائے جاتے ہیں، تاہم اتنی بڑی تعداد میں جنسی جرائم، بالخصوص بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے جرائم کو نمٹائے جانے کے انکشاف پر ملک میں کھلبلی مچ گئی ہے اور پولیس کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کی طرف سے ’کمیونٹی ریزولوشن‘ کی سکیم متعارف کرائی گئی ہے۔



