حادثے میں زخمی شخص کی مدد کرنے والی خاتون کو جرمانہ


برطانیہ میں جعلی ڈاکٹر بن کر موٹرسائیکل سے گرنے والے شخص کی مرہم پٹی کرنے والی خاتون کو بھاری جرمانہ کر دیا گیا۔
دی سن کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ سال ویلز کے شہر کوروین میں پیش آیا جہاں مارٹن جونز نامی شخص اپنی الیکٹرک بائیک سے گر کر زخمی ہو گیا تھا۔
47 سالہ جواین گراہم نے ڈاکٹر بن کر مارٹن کے زخموں کا معائنہ کیا اور ابتدائی طبی امداد دی۔
رپورٹ کے مطابق جواین نے مارٹن کے زخم دیکھنے کے لیے اس کے کپڑے کاٹ ڈالے اور طبی امداد کی کوشش میں مارٹن کی ٹوٹی ہوئی کلائی کو مزید نقصان پہنچادیا۔
عدالت میں جواین کا کہنا تھا کہ وہ ماﺅنٹین ریسکیو میں کام کرتی رہی ہے اور اس نے اسی حوالے سے مارٹن کو طبی امداد کی پیشکش کی تھی۔
جواین کا کہنا تھا کہ ”میں نے مارٹن سے یہ نہیں کہا تھا کہ میں ڈاکٹر ہوں۔“
تاہم عدالت میں اس کا موقف مسترد کرتے ہوئے میڈیکل ایکٹ 1983ء کے تحت اسے جعلسازی اور مارٹن کو جسمانی نقصان پہنچانے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 1 ہزار 410 پاﺅنڈ (تقریباً 3 لاکھ 37 ہزار روپے) جرمانہ کر دیا۔



