اب آپ اپنے کپڑوں سے موبائل چارج کرسکیں گے

باہر جانا ہو اور موبائل چارج نہ ایسے میں بجلی کی سہولت بھی میسر نہ تو اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اب آپ اپنا موبائل فون کپڑوں سے چارج کرسکیں گے۔
برطانیہ کی ناٹنگھم ٹرینٹ یونیورسٹی کے محققین نے ایک ایسا کپڑا بنایا ہے جس میں 1200 چھوٹے چھوٹے فوٹو ولٹائک سیلز یعنی سولر پینلز بُنے ہوئے ہیں۔ یہ سیلز سورج کی روشنی سے 400 ملی واٹ کی توانائی بناسکتے ہیں جو ایک اسمارٹ واچ یا موبائل فون کو چارج کرنے کے لیے کافی ہے اور ان کو کپڑے بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ٹیکسٹائل محقق ڈاکٹر تھیوڈور ہیوز-رائلے کا کہنا تھا کہ یہ نمونہ مستقبل کے ای-ٹیکسٹائل کی دلچسپ جھلک ہے۔ اب تک بہت کم لوگوں نے یہ سوچا ہے کہ ان کے کپڑے یا ٹیکسٹائل اشیاء بجلی بنانے کے لیے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو مواد ہم نے بنایا ہے بالکل عام سے ٹیکسٹائل کی طرح دِکھتا ہے۔ اس پر سلوٹیں بھی آسکتی ہیں اور مشین میں دھویا بھی جاسکتا ہے۔ لیکن سطح کے نیچے ہزار فوٹو ولٹائک سیلز کا ایک نیٹورک موجود ہے جو سورج کی روشنی سے توانائی بنا کر ذاتی آلات کو چارج کر سکتاہے۔
اس مواد کو سولر سیلز کے ساتھ لمبائی میں 0.2 انچ اور 0.06 انچ چوڑائی میں جوڑا گیا ہے اور کپڑا پہننے والا اس کی نشاندہی بھی نہیں کرسکتا ہے۔



