انتہائی بےسُرے گانے گانے پر پولیس نے گلوکار کو گرفتار کرلیا

بنگلادیشی گلوکار ہیرو عالم کو انتہائی بےسُرے گانے گانے پر پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ اور مزید گانے ریکارڈ کروانے سے روک دیا ہے ۔
ڈھاکہ میں اداکار و گلوکار ہیرو عالم کے خلاف بیشمار شکایات موصول ہونے پر پولیس نے اسے گرفتار کیا جس کے بعد آئندہ کلاسیکل گانے نہ گانے کی یقین دہانی پر رہا کردیا۔
ہیرو عالم کے فیس بک پر دو ملین کے قریب فالورز اور یوٹیوب پر ڈیڑھ ملین کے قریب سبسکرائبرز ہیں۔ ہیرو عالم نے بنگلادیشی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گزشتہ ہفتے پولیس نے اسے ذہنی ٹارچر کیا اور کلاسیکل گانےپرفارم کرنے سے منع کیا۔
پولیس نے ان سے کہا کہ وہ بہت ہی بے سرے ہیں ، اس کے علاوہ پولیس نے ان سے معافی نامے پر بھی دستخط کرائے۔
ہیرو عالم کے مطابق اسے پولیس نے صبح چھ بجے اٹھایا اور آٹھ گھنٹے تک حراست میں رکھا، پولیس اہلکاروں نے ان سے کہا کہ وہ رابندر ناتھ ٹیگور اور نذرالاسلام کے کلام کیوں گاتا ہے؟۔
ڈھاکہ کے پولیس چیف ہارون الرشید نے صحافیوں کو بتایا کہ ہیرو عالم کے خلاف بہت سی شکایات موصول ہوئی تھیں، انہوں نے گانے کا روایتی انداز بالکل ہی بدل کر رکھ دیا ہے، اس نے پولیس کو یقین دلایا ہے کہ وہ اب ایسا نہیں کرے گا۔



