
اسلام آباد: وزیراعظم نے پمز اسپتال میں اہم طبی سہولت غیر فعال ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں سی ٹی کورونری اینجیوگرافی کی سہولت فعال نہ ہونے یا عدم دستیابی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حقائق اور ذمہ داری کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی۔
وزیراعظم نے کمیٹی کو معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی حقائق اور ذمہ داری کا تعین کرکے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، تاکہ معاملے میں مزید کارروائی قانون اور قواعد کے مطابق عمل میں لائی جاسکے۔
انکوائری کمیٹی کے چیئرمین سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ہوں گے، جبکہ سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن اور اے ایف آئی سی کے بریگیڈیئر ڈاکٹر جہانزیب علی کمیٹی کے ممبران میں شامل ہوں گے۔



