
کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 239 کے لیے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے پولنگ ایجنٹ ایم پی اے راجا اظہر نے پر یزائڈنگ افسر پر فارم 45 بھرنےکا الزام عائد کیا ہے۔
کراچی کے حلقے این اے 239 گورنمنٹ گرلزاینڈ بوائزاسکول ناتھا خان میں پولنگ کا عمل جاری ہے جہاں پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ راجا اظہر نے پریزائڈنگ افسر پر فارم 45 بھرنےکا الزام لگایا ہے۔
راجا اظہر کے مطابق پریزائڈنگ افسر نے فارم 45 جزوی طور پر بھر کر رکھا ہے، اعتراض پرپریزائڈنگ افسر نےکہا کہ وہ رات کو سارا کام نہیں کرسکتے اس لیے فارم پہلے سے بھر رکھا ہے۔
دوسری جانب این اے 239 کے ووٹرز کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز تبدیل کرنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
ووٹرز نے شکایت کی ہے کہ شاہ فیصل کالونی میں متعدد پولنگ اسٹیشنز تبدیل کر دیے گئے ہیں، دی وژن اسکول کئی سال پہلے بند ہو چکا ہے لیکن ریکارڈ میں دی وژن اسکول پولنگ اسٹیشن نمبر 59 آ رہا ہے۔
ووٹرز کے مطابق دریا آباد اسکول شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں زیر تعمیر ہے لیکن ریکارڈ میں دریا آباد اسکول پولنگ اسٹیشن نمبر 56 آرہا ہے۔
ووٹرز کو شکایت ہے کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 56 اور 59 محمدی اسکول میں شفٹ کر دیا گیا ہے، مفاد نسواں اسکول سے پولنگ اسٹیشن نمبر 37 شفٹ کر دیا گیا ہے۔



