پولیس کو شہباز گل کے ٹوئٹرہینڈل والے فون کی تلاش


پولیس کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کے ٹوئٹرہینڈل والے فون کی تلاش ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتاری کے وقت شہباز گل سے برآمد ہونے والا فون ڈمی تھا، شہباز گل کا اپنا فون ان کا ڈرائیور لے گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے فون سے مسلسل ٹوئٹس ہو رہی ہیں، پتہ لگا رہے ہیں کہ ان کے ٹوئٹر ہینڈل والا فون کس کے پاس ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ فون سے ٹوئٹ کرنے والا ملزم کا ساتھی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ شہبازگل کی نشاندہی پر موبائل فون برآمدگی کے لیے ڈرائیور کے گھر پولیس گئی تھی، ڈرائیور کے اہل خانہ نے مزاحمت کی جس پر اہل خانہ کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس نے شہبازگل کے ڈرائیور کی اہلیہ اور برادر نسبتی کو گرفتار کرلیا ہے، جن کی ضمانت کے لیے بھی عدالت میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔



