صبا قمر اپنی فلم کا پریمئیر دیکھ کر رو پڑیں، وجہ کیا تھی؟


اپنی نئی فلم “کملی” کے پریمیئر کے دوران اداکارہ صبا قمر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں روتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
کملی کا پریمیئر 29 مئی کو کراچی میں منعقد کیا گیا، جس میں فلم ساز اور کاسٹ سمیت دیگر شوبز شخصیات نے شرکت کی۔
فلم کے پریمیئر میں مہوش حیات فلم ساز رؤف وجاہت اور ان کی اہلیہ شازیہ وجاہت سمیت دیگر شوبز شخصیات نے شرکت کی۔
پریمیئر کے دوران فلم کے اختتام پر شوبز شخصیات سمیت وہاں موجود دیگر شخصیات نے صبا قمر کی اداکاری کی تعریفیں کیں اور کھڑے ہوکر ان کے لیے تالیاں بھی بجائیں۔
View this post on Instagram
شوبز شخصیات اور وہاں موجود دیگر افراد کی جانب سے اداکاری کو سراہے جانے کے بعد صبا قمر جذبات پر قابو نہ پا سکیں اور وہ اشک بار ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں صبا قمر کو پریمیئر کے اختتام پر روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ کی جانب سے رونے کے بعد فلم ساز سرمد کھوسٹ کی جانب سے صبا قمر کو سہارا دینے اور گلے لگانے پر جہاں شوبز شخصیات نے ان کی تعریفیں کیں، وہیں سوشل میڈیا صارفین نے ان کے عمل پر تنقید کی۔
سوشل میڈیا صارفین نے صبا قمر کے رونے کو ڈراما قرار دیا جب کہ ان کی جانب سے سرمد کھوسٹ کے ساتھ گلے ملنے کو ’بیہودگی‘ قرار دیا۔
View this post on Instagram
اداکارہ اور فلم ساز کے گلے ملنے پر لوگوں نے زیادہ برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کے عمل کو غلط قرار دیا اور ساتھ ہی صبا قمر کے لباس پر بھی لوگوں نے تنقید کی۔
صبا قمر کی فلم ’کملی‘ کو تین جون کو سینماؤں میں پیش کیا جائے گا، فلم کی کاسٹ میں صبا قمر، ثانیہ سعید، عمیر رانا، عدیل افضل اور نمرہ بُچہ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔



