پاکستان
وزارتِ اعلیٰ کیلئے الیکشن آج ہی ہوگا: دوست مزاری

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کا کہنا ہے کہ الیکشن آج ہی ہونگے، رزلٹ کا آج ہی اعلان ہوگا۔ میں نے دباؤ لینا نہیں ہے دینا ہے۔
پنجاب اسمبلی آمد پر میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے کہا کہ پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے الیکشن صاف و شفاف ہوگا، میں اسمبلی رولز کے مطابق الیکشن کراؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی سمجھ رہا ہے کہ اسمبلی کا ماحول خراب کرنا ہے تو میں نے پریشر لینے نہیں دینا ہے۔ ایوان میں دونوں طرف سے کوشش ہو گی کہ پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے الیکشن التواء کا شکار ہو جائے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن آج ہی ہوگا، رزلٹ کا اعلان بھی آج ہی کیا جائے گا، پوری کوشش ہوگی کہ اچھے انداز میں الیکشن کراؤں۔ کل عدالت کے دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوا تھا۔



