سعودی عرب اور کویت میں رات 10 سیکنڈ کیلئے اچانک دن میں تبدیل، حیران کن منظر ویڈیو میں قید


سعودی عرب اور کویت میں ہفتے کے روز نصف شب کے قریب رات کا اندھیرا دن کی روشنی میں اچانک تبدیل ہوگیا۔
یہ انوکھا منظر اس وقت دیکنھے کو ملا جب ایک چمک دار ستارہ آسمان سے ٹوٹ کر زمین کی طرف آیا۔
اس منظر کی ویڈیو میں نظر آنے والے جرم سماوی کی رفتار 29 کلو میٹر فی سیکنڈ تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ ٹوٹتا ستارہ سعودی عرب کے شمال مشرقی شہر “حفر الباطن” کی فضا میں دیکھا گیا۔
اسی طرح اس ستارے کو کویت کے جنوب مشرقی حصے میں رہنے والے لوگوں نے بھی اپنی آنکھ سے دیکھا۔
ستارے کا رنگ نیلا مائل تھا اور یہ زمین پر پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں جل گیا۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں یہ ٹوٹتا ستارہ 3 سیکنڈ کے لیے دکھائی دیا۔
تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس کے سقوط کا دورانیہ ویڈیو میں دیکھے جانے والے دورانیے سے 3 گنا زیادہ تھا۔
جدہ میں فلکیاتی سوسائٹی نے فیس بک پر بتایا کہ اس ٹوٹے ستارے کے سبب سعودی عرب کے مختلف حصوں میں رات کے وقت آسمان روشن ہو گیا۔
مذکورہ ستارہ زمین کے بیرونی فضائی غلاف میں 40 ہزار کلومیٹر سے 2.57 لاکھ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے داخل ہوا۔
بعد ازاں یہ ہوا کی مزاحمت کے سبب سست پڑ گیا۔ اس مزاحمت کے نتیجے میں بڑی مقدار میں حرارت پیدا ہوتی ہے۔



