علی محمد خان قومی اسمبلی سے عمران خان کی آخری نشانی بھی ساتھ لے گئے


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مملکت علی محمد خان قومی اسمبلی میں عمران خان سے منسوب کرسی کا مخصوص نمبر بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
علی محمد خان نے اپنی ٹوئٹ میں عمراں خان کے نام کی ایک پرچی کی تصویر شیئر کی ہے۔
سابق وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہر رکن کی نشست پر اس کا مخصوص نمبرہوتا ہے۔
علی محمد خان نے کہا کہ وہ بطور وزیر اعظم عمران خان کی نشست پر مخصوص تقسیمی نمبر اپنے ساتھ لے آئے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ تقسیمی نمبر انہوں نے اپنے پاس محفوظ کرلیا ہے، جب عمران خان دوبارہ وزیراعظم بنیں گے تو یہ نمبر وہ اپنے ہاتھ سے خود لگائیں گے۔
ہر ممبر قومی اسمبلی کی اسمبلی سیٹ پہ اس کا تقسیمی نمبرہوتا ہے۔ وزیراعظم @ImranKhanPTI کی وزیراعظم کی سیٹ پہ موجود یہ تقسیمی نمبر ساتھ لے آیا ہوں۔ وہاں نہیں چھوڑا۔ اس کو اپنے پاس محفوظ کرلیا ہے اور جب خان صاحب دوبارہ وزیراعظم بنیں گے تو اپنے ہاتھ سے یہ دوبارہ لگاؤنگا انشاءاللّٰہ۔ pic.twitter.com/sGcN7VnZqc
— Ali Muhammad Khan (@Ali_MuhammadPTI) April 10, 2022
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے علی محمد خان وہ واحد رکن تھے جنہوں نے اظہار خیال کیا۔
علی محمد خان نے کہا کہ بطور وزیر مملکت آج ان کی پارلیمانی امور کی ڈیوٹی ختم ہوئی، وقت ثابت کرے گا کہ کون اصلی شیر ہے۔
سابق وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کسی کے ہنسنے سے میرے حوصلے کم نہیں ہوں گے، عمران خان نے حکومت قربان کردی لیکن امریکی غلامی قبول نہیں کی وہ جلد دو تہائی اکثریت سے دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ہمیشہ عمران خان کو امریکی ایجنٹ کہتے تھے لیکن وہ کیسا ایجنٹ تھا جسے ہٹانے کیلئے امریکا نے پورا زور لگایا۔



