

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مولانا فضل الرحمان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا صاحب سے کہنا چاہتا ہوں یہ سب بھاگ جائیں گے آپ دھر لیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 63 اے کی خلاف ورزی کرنے والا ووٹ نہیں ڈال سکے گا ، اسپیکر 63 اے کے تحت کسی بھی ممبر کا ووٹ منسوخ کر سکتے ہیں ، اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد لانے کا حق ہے ، نسلی اور اصلی لوگ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے ، جیتے یا ہارے ، فائدہ عمران خان کا ہی ہے کیوں کہ 3 ہفتوں میں عمران خان کی مقبولیت بڑھی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملک کو انارکی کی طرف لے جا رہے ہیں ، کسی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے ، 20 مارچ سے 2 اپریل تک رینجرز، ایف سی کو اختیارات دے رہا ہوں ، کسی کو الجھنے اور لڑنے کی ضرورت نہیں ، 27 مارچ کو اتوار ہے ، اس دن عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اور اسٹیبلشمینٹ کا رابطہ رہتا ہے ، سیاست میں ان کا کردار نہیں ، اچھی بات ہے اسٹیبلشمینٹ کا کردار نہیں ورنہ کل کو یہ روئیں گے کہ ہارے کیوں ، 25 مارچ کے بعد اتحادیوں اور دیگر کا پتہ چل جائے گا کس کے ساتھ ہیں ، مجھے امید ہے ق لیگ اور اتحادی عمران خان کا ساتھ دیں گے، اسپیکر سے جا کے پوچھوں گا کس دن ووٹنگ ہورہی ہے ، الیکشن کے بعد میں معاملات دیکھ لوں گا ۔



