تازہ ترین

ایران کیخلاف فتح قریب ہے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف فتح اب قریب ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ تہران کو معاہدہ کرنے اور مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے ہر ممکن موقع فراہم کر رہے ہیں۔

امریکی فوجی اہلکاروں کے ساتھ یومِ تشکر کے موقع پر ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ تنازع کا نتیجہ میرے فیصلے پر منحصر ہو گا، تاہم مجھے یقین نہیں ہے کہ ایران معاہدے کی پیشکش قبول کرے گا یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں فتح ہمارے قریب ہے، یہ کب ہو گی، اس کا انحصار کسی حد تک اس بات پر ہے کہ میں کیا چاہتا ہوں، سچ کہوں تو ہم نرمی سے کام لے رہے ہیں اور ایران کو معاہدہ کرنے اور بہت سی جانیں بچانے کا ہر موقع دے رہے ہیں لیکن مجھے یقین نہیں کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا یا نہیں؟

امریکی صدر نے کہا کہ کچھ لوگ سوال کرتے ہیں کہ ایسا کیوں ہے؟ کیا وہ (ایرانی) پاگل ہیں؟ شاید وہ واقعی ایسے ہی ہیں۔

ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکی فوجیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ واشنگٹن تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ میں سے ہر ایک ناصرف آج ہمارے ملک بلکہ امریکیوں کی آنے والی نسلوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، آپ اس بات کو یقینی بنانے میں مدد دے رہے ہیں کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے، وہ کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، یہ بات میں آپ کو یقین سے کہہ سکتا ہوں۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے والے خطرات کو روکنے کے لیے 150 میزائل داغے ہیں۔

مشرقِ وسطیٰ کے تیل پر امریکی انحصار کی نفی کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم یہ تیل استعمال نہیں کرتے، امریکا کے پاس توانائی کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور وینزویلا کے تیل کے ذخائر کو یکجا کیا جائے تو یہ دنیا کے مجموعی ذخائر کے نصف سے بھی زیادہ بنتے ہیں، تاہم ہم ایک طویل عرصے سے وہاں موجود ہیں اور اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button