
کراچی: ترجمان سندھ حکومت مصطفیٰ عبداللہ بلوچ نے کہا ہے کہ راشد شاہ کو شاید سندھ کی تاریخ کا علم نہیں اور نہ ہی انہیں اندازہ ہے کہ سندھ کی عوام کتنی مضبوطی کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ راشد شاہ کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ آصف علی زرداری ایک بہادر اور عوامی رہنما ہیں جن سے سندھ کی عوام دل سے محبت کرتی ہے ۔ اگر راشد شاہ کو جی ڈی اے کی ختم ہوتی سیاست کو زندہ کرنا ہے تو انہیں عملی کام کر کے دکھانا ہوگا، کھوکھلی بیان بازی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا —
ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے ہر مشکل دور میں پاکستان کی جمہوریت کو بچایا اور مضبوط کیا ۔
صدر آصف علی زرداری نے “پاکستان کھپے” کا نعرہ لگا کر ملک کو متحد رکھا اور جمہوریت کو بچایا
سندھ کی عوام کو اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے حقوق صدر آصف علی زرداری نے ہی دیے ۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے عوامی منصوبے بھی صدر آصف علی زرداری کا کارنامہ ہیں —
سندھ کے کسانوں کو ان کا حق دلانے میں صدر آصف علی زرداری کا اہم کردار رہا ہے ۔ سندھ کی عوام ہر دور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑی رہی ہے —
راشد شاہ کی غیر سنجیدہ اور غیر سیاسی بیان بازی سے جی ڈی اے کو ملنے والے چند ووٹ بھی ختم ہو سکتے ہیں —



