
کراچی: ازبکستان کے پاکستان میں تعینات سفیر اوبیک عارف عثمانوف نے کراچی کے دو روزہ دورے کے دوران مختلف سرمایہ کاروں اور تجارتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان زمینی اور بحری تجارت کے فروغ اور زیادہ سے زیادہ روابط اور سرمایہ کاری بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی جانب سے ازبک سفیر کے اعزاز میں ایک پروقار عشائشیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں کراچی کے صنت کاروں، سرمایہ کاروں اور تجارتی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر اوبیک عارف عثمانوف کا کہنا تھا کہ “مذہبی طور پر تو دونوں ممالک مضبوط رشتے میں جڑے ہوئے ہیں، تاہم معاشی اعتبار سے زیادہ سے زیادہ منسلک ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا اہم اسٹریٹجک پارٹنر ہے، مجھے خوشی ہے کہ دونوں ممالک کے مابین “فنائنشل اینڈ ٹریڈ ایگریمنٹ” پر دستخطوں کے بعد دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات روز بروز مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔”

پاکستانی تاجر بھی دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مواقع کو یکسر بڑھانے کےلئے پر امید ہیں۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ برادر اور دوست ملک کے ساتھ کام کرنا پاکستانی تاجروں کےلئے ایک اچھا موقع ہے۔ وہ تجارت کی اہمیت کو جانتے ہیں، آنے والے دنوں میں ازبکستان ریل کے ذریعے پاکستان سے منسلک ہونے جا رہا ہے، تو اس سے باہمی تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے ایکسپورٹرز کو آنے والے دنوں میں کافی اچھے مواقع میسر ہوں گے۔ اس دوران پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا، عشائیہ میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔




