
سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں خواتین کیلئے خصوصی پنک بس سروس کا افتتاح ہوگیا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے پنک بس سروس ایک ہفتے کیلئے مفت کرنے کا بھی اعلان کردیا۔
پنک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ آج پنک بس سروس کی شروعات کرنےجارہے ہیں، سکھر میں پیپلز بس سروس شروع کی ہے، ہمیں سب سے زیادہ ماں بیٹیوں کو خودمختار بنانا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا کہ خواتین کو سہولتیں دینے کی ذمہ داری حکومت کی ہے،سندھ کے ہرشہر میں خواتین کے لیے بسیں چلانے کی کوشش کررہے ہیں،تمام بسوں میں خواتین کےلیےعلیحدہ سیٹس ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا پنک بس میں صرف خواتین سفر کریں گی مردوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ کنڈیکٹر بھی خواتین ہوں گی اور جلد ان بسوں کیلئے خواتین ڈرائیورز کی بھی خدمات حاصل کرلی جائیں گی۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پنک بس سروس سےخواتین کوسفری سہولیات ملیں گی اور بسوں کی تعدادمیں اضافہ کریں گے۔ بس سروس عوام کی پراپرٹی ہے،عوام بسوں کاخیال اپنی ذاتی گاڑی کی طرح کریں۔
نک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی زبیر چنہ کا کہنا تھا کہ پہلے بسوں میں خواتین کے لیے صرف ایک کمپارٹمنٹ ہوتا تھا، اس لیے خواتین کے لیے الگ بس شروع کی گئی ہے۔
کراچی میں دفاتر میں خاص طور پر ملازمت پیشہ خواتین کے لئے پنک بس سروس کے نام سے نئی بس سروس کا آغاز کیا گیا ہے جس میں صرف خواتین باحفاظت سفر کر سکتی ہیں۔
اس بس میں لیڈی کنڈٹر موجود ہوں گی اور اس بس کا کرایہ بھی صرف 50 روپے مقرر کیا گیا ہے جو کہ ابتدائی طور پر ماڈل کالونی ، شاہراہِ فیصل تا ٹاور روٹ پر چلائی جائیگی۔
یہ پنک بس سروس دفتری اوقات میں صبح اور شام کے اوقات میں ہر 20 منٹس کے بعد چلے گی اور دفتری اوقات کے بعد معمول کے اوقات میں ہر ایک گھنٹے کے بعد پنک بس سروس چلے گی۔



