
ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کرونا سے دو اموات رپورٹ کی گئی ہیں، جب کہ پاکستان میں نئے ویرینٹ ایکس بی بی کی تصدیق کے بعد ملک بھر کے ایئرپورٹس میں کرونا سے بچاؤ اور جراثیم کش اسپرے پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق بدھ 4 جنوری کو پاکستان بھر سے کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 22 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ قومی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کرونا کیسز کی موجودہ شرح صفر اعشاریہ 43 فیصد ہے، جب کہ زیرِعلاج مریضوں میں سے 14 کی حالت تشویش ناک ہے۔
کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اسلام آباد ائرپورٹس پرجراثیم کش اسپرے کئے جا رہے ہیں، جب کہ تمام لاؤنچز میں ڈس انفیکشن کا عمل بھی جاری ہے۔ این سی او سی کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں بین الاقوامی پروازوں کے بعد ڈس انفیکشن عمل یقینی بنایا جا رہا ہے، جب کہ بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس کے 2 فیصد مسافروں کی سیمپلنگ بھی جاری ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تین جنوری کو حکام نے تصدیق کی کہ شہر میں 6 اومیکرون کی نئی قسم کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل اومیکرون کی نئی قسم جسے ایکس بی بی اور ایکس بی بی-ون کا نام دیا گیا ہے، وہ چین، امریکا، بھارت، سنگاپور اور ہانگ کانگ سمیت دنیا کے 30 ممالک میں رپورٹ ہو چکا ہے۔ کرونا کی دونوں نئی قسمیں ایکس بی بی اور ایکس بی بی-ون سب سے پہلے اکتوبر 2022 میں چین میں رپورٹ ہوئی تھیں، جس کے بعد اب یہ قسمیں دنیا کے 30 ممالک تک پھیل چکی ہیں۔



